مقبوضہ بیت المقدس،30اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)صہیونی ریاست کی بنیاد تو ویسے ہی جعل سازی، جھوٹ، دغا بازی، نوسربازی اور دھونس سے بھرپور ہے اور ان تمام جرائم کی مثالیں آئے روز دیکھنے کو ملتی ہیں۔ کہتے ہیں کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے اور کاٹھ کی ہنڈیا بار بار نہیں چڑھتی۔ یہ تمام ضرب الامثال صہیونی ریاست کی دروغ گوئی پر صادق آتی ہیں۔صہیونی ریاست کی تازہ جعلی سازی ایک سکے نے پھوڑ دی ہے۔ ہوا یوں کہ حال ہی میں ایک یہودی کالونی سے ملنے والے سکے کو صہیونی سیاسی اور حکومتی حلقوں نے غیرمعمولی طور پرپذیرائی دی۔ اس سکے پروزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے عبرانی میں الفاظ میں درج تھے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے اس سکے کی تصویر اپنے فیس بک صفحے پر پوسٹ کی۔ عبرانی یونیورسٹی کے ایک پروفیسر زوھر عومر نے دعویٰ کیا کہ حلمیش کالونی سے ملنے والا یہ سکہ 2 ہزار سال پرانا ہے۔ نیتن یاھو نے اسے اپنی حکومت اور اسرائیل کی پیش گوئی قرار دینے کی بھونڈی کوشش کے ساتھ یہ دعویٰ بھی کیا کہ القدس، غرب اردن اور فلسطین کیدوسرے شہروں پر تاریخی حق صرف اسرائیل کا ہے۔
تاہم جلد ہی اس سکے کی اصلیت سامنے آگئی اور پتا چلا اس سکے کی عمر زیادہ سے زیادہ پندرہ سال ہے۔ آج سے پندرہ سال پہلے بچوں کو تحائف دینے کے لیے ایسے سکے ڈھالے گئے تھے جن کی مالیت نصف شیکل تھی۔جعلی سکے کی اصلیت سامنے آنے کے بعد نیتن یاھو نے اپنی فیس بک صفحے سے اس کی تصویر ہٹا دی۔
ادھر سوشل میڈیا پر سکے کے ذریعے جعل سازی کی بھونڈی صہیونی کوشش کا بھرپور مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ خاص طور پر نیتن یاھو جو یہ دعویٰ کررہے تھے کہ دو ہزار سال پرانے سکے نے ان کی حکومت کی پیش گوئی پر مہرت تصدیق ثبت کردی اب منہ چھپاتے پھرتے ہیں کیونکہ اس بار ان کی جعل سازی کھل کر سامنے آئی اور پتا چلا کہ ان کے تمام دعوے باطل اور اسی طرح جھوٹ پرمبنی ہیں۔ جس طرح وہ ایک پندرہ سال پرانے سکے کو دو ہزار سال پرانا کہہ رہے تھے۔